پنجاب حکومت نے کینسر کے مریضوں کے لیے ایک اہم اور انقلابی اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر میں مفت اور جامع علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ اقدام پنجاب حکومت کی جانب سے Punjab Health Initiative Management Company کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد مہلک بیماری میں مبتلا مریضوں کو مالی بوجھ سے نجات دلانا اور انہیں معیاری طبی سہولیات تک مساوی رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت مستحق مریضوں کو سالانہ 10 لاکھ روپے تک کا علاج مفت فراہم کیا جائے گا جو ایک اسپیشل انیشیٹو کارڈ کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔ اس سہولت میں کینسر کے مکمل علاج کی خدمات شامل ہوں گی جن میں تشخیص، کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی، سرجری اور ضروری ادویات شامل ہیں۔
یہ تمام سہولیات پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی اسپتالوں کے منتخب اور منظور شدہ نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق اس پروگرام کے لیے سالانہ تقریباً 13 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس سے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے۔ اس اقدام کو پنجاب حکومت کی صحت کے شعبے میں اصلاحاتی پالیسی کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ منصوبہ پہلے سے جاری صحت کے دیگر پروگرامز، خصوصاً دل اور فالج کے مریضوں کے لیے اقدامات کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک زیادہ مضبوط اور جامع صحت کا نظام قائم کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








