افریقی ملک یوگنڈا کے صدر یوویری موسیونی کے بیٹے اور فوج کے سربراہ جنرل مہوزی کائنروگابا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر اور شادی کے لیے ’خوبصورت ترین خاتون‘ کا غیر معمولی مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو یوگنڈا 30 دن کے اندر ترکیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ پیغامات میں یوگنڈا کے فوجی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ترکیہ صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے بھاری منافع کما رہا ہے، جبکہ ان منصوبوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی بھاری ذمہ داری کئی سالوں سے یوگنڈا اٹھا رہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا نے تقریباً دو دہائیوں سے افریقی یونین مشن کے تحت القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند گروپ ’الشباب‘ کے خلاف کارروائیوں کے لیے صومالیہ میں اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔
Uganda’s military chief Muhoozi Kainerugaba demands $1 billion from Turkey — and ‘their most beautiful woman as a wife’
If not, he’s closing their embassy and cutting all diplomatic ties pic.twitter.com/OEzE40hyk7
— RT (@RT_com) April 12, 2026
جنرل مہوزی کا کہنا تھا کہ خطے میں سیکیورٹی کی فراہمی پر یوگنڈا کی کوششوں کا اعتراف نہیں کیا گیا اور ترکیہ کی جانب سے مالی معاوضہ ادا کیا جانا بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے لیے ایک سادہ سا سودا ہے کہ یا تو وہ ’ایک ارب ڈالر‘ ادا کرے یا پھر ان کا سفارت خانہ بند کر دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ جوابی کارروائی کے طور پر یوگنڈا کا سفارت خانہ بند کر سکتا ہے، جس سے انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔
مہوزی کائنروگابا نے یہ بھی دھمکی دی کہ بہت جلد ترکیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے یوگنڈا کے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر ترکیہ کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
یوگنڈا کے آرمی چیف نے اپنے پیغامات میں اسرائیل کی کھلی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل کی حفاظت کے لیے اپنی کمان میں یوگنڈا کے ایک لاکھ فوجی اسرائیل بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ جنرل مہوزی کائنروگابا کی جانب سے اس طرح کے غیر روایتی بیانات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ان کا سوشل میڈیا ہینڈل عجیب و غریب تبصروں اور غیر سنجیدہ بیانات سے بھرا پڑا ہے۔
اس سے قبل اکتوبر 2022 میں انہوں نے اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے شادی کے بدلے میں 100 نایاب گائیں دینے کی بھی پیشکش کی تھی، جنہیں انہوں نے دنیا کی خوبصورت ترین گائیں قرار دیا تھا۔
حالیہ ایران-امریکا مذاکرات سے ایک روز قبل انہوں نے بیان جاری کیا کہ جس میں انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ انتظار میں ہیں، ایران ان کے ساتھ جلد از جلد امن معاہدہ کرے۔
دنیا بھر کے میڈیا نے ان کے اس غیر سنجیدہ بیانات کو رپورٹ کیا ہے، یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان بیانات کے بعد یوگنڈا اور ترکیہ کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ان کے اس غیر سنجیدہ بیانات کو اس لیے بھی رپورٹ کیا جارہا ہے کیوں کہ انہیں یوگنڈا کی فوج کے سربراہ ہونے کے ساتھ صدر کے بڑے بیٹے ہونے کی حیثیت سے اگلے ممکنہ صدر کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








