شمالی کوریا کا نیا اقدام، بحری جہاز سے کروز اور اینٹی شپ میزائلوں کا تجربہ

تازہ ترین

تازہ ترین

شمالی کوریا
(فوٹو: آن لائن)

شمالی کوریا نے اتوار کے روز اپنے جنگی بحری جہاز ‘چوئے ہیون’ کے ذریعے اسٹریٹجک کروز میزائلوں اور اینٹی شپ میزائلوں کا ایک نیا تجربہ کیا، جس کی باضابطہ تصدیق سرکاری خبر ایجنسی ‘کے سی این اے’ نے منگل کے روز جاری کردہ رپورٹ میں کی۔

رپورٹ کے مطابق کم جونگ اُن نے اس مشق کا مشاہدہ اعلیٰ دفاعی حکام اور بحریہ کے کمانڈرز کے ہمراہ کیا۔ اس دوران مجموعی طور پر دو کروز میزائل اور تین اینٹی شپ میزائل داغے گئے، تاکہ جہاز کے مربوط ہتھیاری نظام، عملے کی تربیت کی سطح، جدید نیویگیشن ٹیکنالوجی کی کارکردگی اور اینٹی جیمنگ صلاحیتوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق کروز میزائل تقریباً 7,869 سے 7,920 سیکنڈ تک اپنی پرواز میں رہے، جبکہ اینٹی شپ میزائلوں کی پرواز کا دورانیہ 1,960 سے 1,973 سیکنڈ کے درمیان رہا۔ ان میزائلوں نے مغربی ساحلی علاقوں کے قریب اپنے اہداف کو انتہائی درست نشانے کے ساتھ ہٹ کیا۔

‘کے سی این اے’ نے مزید بتایا کہ اسی روز کم جونگ اُن کو زیرِ تعمیر مزید دو جنگی جہازوں کے ہتھیاری نظام سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اس سے اشارہ ملتا ہے کہ ‘چوئے ہیون’ کلاس کے تیسرے اور چوتھے بحری جہازوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

کم جونگ اُن نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی جوہری دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا بنیادی ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے اسٹریٹجک اور ٹیکٹیکل حملہ آور صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ فوری ردعمل کی تیاری کو بھی مسلسل بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق شمالی کوریا اپنے بحری بیڑے میں تیزی سے توسیع کر رہا ہے اور عالمی سطح پر جاری کشیدگی کو اپنے دفاعی اور جوہری پروگرام کی پیش رفت کے لیے ایک موقع کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

Related Posts