مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا پر قاتلانہ حملہ؟ پولیس اہلکار زخمی، حملہ آور ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب کے شہر جہلم میں معروف اسلامی اسکالر اور ماہرِ تعلیم انجینئر محمد علی مرزا کی اکیڈمی پر مسلح حملے کی کوشش کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا جبکہ جوابی فائرنگ کے دوران ایک حملہ آور موقع پر ہی مارا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق تقریباً صبح 10:45 بجے دو مسلح افراد نے اکیڈمی کے احاطے کو نشانہ بنایا۔ ایک حملہ آور نے سڑک کے مخالف جانب موجود گرین بیلٹ پر پوزیشن سنبھال رکھی تھی جہاں سے اس نے اکیڈمی کے مرکزی دروازے اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تاہم اس نے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس پر بھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے جبکہ اس کی حالت سے متعلق حتمی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔

پولیس کی بروقت موجودگی اور فوری ردعمل کے باعث حملہ آوروں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ حکام حملہ آوروں کی شناخت، ان کے مقاصد اور ممکنہ روابط کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ دوسرے مبینہ حملہ آور کی تلاش بھی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔

Related Posts