اب چالان کا ڈر کم، حکومت نے بڑا ریلیف دینے کا اشارہ دے دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

پنجاب اسمبلی نے ٹریفک جرمانوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے، تاہم ان ترامیم کی حتمی توثیق گورنر پنجاب کریں گے۔ ٹریفک جرمانوں میں کمی کا ترمیمی بل ایوان سے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا، جبکہ قائمہ کمیٹی داخلہ کی جانب سے یکم اپریل کو منظور کی گئی ترامیم کو بھی ایوان نے منظور کر لیا۔

صوبائی موٹر وہیکل (چوتھی ترمیم) 2025 آرڈیننس کے تحت مختلف گاڑیوں کے جرمانوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ متن کے مطابق موٹر سائیکل کے بعض چالان 2 ہزار روپے سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ اب 2 ہزار روپے ہوگا۔ رکشے کے بعض جرمانے 3 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، تاہم سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

اسی طرح کار اور جیپ کے چند چالان 5 ہزار سے کم کر کے 2 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور کار کے لیے اوور سپیڈنگ کے جرمانوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

مزید برآں 2000 سی سی اور دیگر لگژری گاڑیوں کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں۔ ان گاڑیوں کے لیے کم از کم جرمانہ 2 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ مزدا، کوسٹرز اور چھوٹی مسافر وینز (لائٹ وہیکلز) کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ ٹرک، بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کے زیادہ سے زیادہ جرمانے کو بھی 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

Related Posts