محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ ملک کے متعدد مقامات پر بارش کے قوی امکانات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوگی جن میں کوہاٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور کوئٹہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیر، چترال، مالم جبہ، باجوڑ، خیبر اور پاراچنار کے ساتھ ساتھ وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ ژوب، چمن، زیارت، شیرانی، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری اور گلیات میں ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








