پاکستان میں کتنے فیصد لوگ اے آئی استعمال کرتے ہیں؟ تشویشناک اعدادوشمار سامنے آگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

اے آئی
(فوٹو: آن لائن)

دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی برق رفتاری سے عام ہوتی جارہی ہے، تاہم پاکستان اس میدان میں اب بھی خاصا پیچھے دکھائی دیتا ہے۔ حیرت انگیز طور پر ملک میں محض 15 فیصد افراد ہی اے آئی ٹولز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جب کہ اکثریت ابھی اس رجحان سے دور ہے۔

حال ہی میں سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں مصنوعی ذہانت کا استعمال تاحال ابتدائی سطح پر ہے۔ گیلپ کے تازہ سروے کے مطابق صرف 15 فیصد پاکستانیوں نے اے آئی چیٹ بوٹس سے مدد لی، جن میں چیٹ جی پی ٹی، جیمنائے اور ڈیپ سیک جیسے پلیٹ فارمز شامل ہیں، جبکہ دوسری طرف 85 فیصد افراد اب بھی اس جدید ٹیکنالوجی سے ناواقف ہیں اور اس کا استعمال نہیں کر رہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کم تعلیم یافتہ افراد میں اے آئی کے استعمال کی شرح محض 8 فیصد ہے، جب کہ زیادہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد میں یہ تناسب نمایاں طور پر بڑھ کر 52 فیصد تک پہنچ گیا، جس سے تعلیمی سطح بلند ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافے کا رجحان واضح ہوتا ہے۔

اے آئی کے زیادہ سے زیادہ استعمال میں عمر کے اعتبار سے نوجوان سب سے زیادہ متحرک نظر آتے ہیں۔ 30 سال سے کم عمر افراد میں اے آئی استعمال کرنے والوں کی شرح 26 فیصد ہے، جب کہ 30 سے 39 سال کے گروپ میں یہ تناسب 10 فیصد رہ جاتا ہے۔ اسی طرح 40 سے 49 سال کے افراد میں 8 فیصد جبکہ 50 سے 59 سال کے درمیان صرف 7 فیصد لوگ مصنوعی ذہانت کی سہولیات استعمال کر رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ دیا جائے اور عوام میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے آگاہی بڑھائی جائے تو پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں نمایاں اضافہ ممکن ہے اور ملک اس شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے۔

Related Posts