پاکستان کی بے مثال سفارتی کاوشوں کے باعث ایران اور امریکا کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی امیدیں زور پکڑ گئیں۔ اسی سلسلے میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک مختصر وفد کے ساتھ جمعہ کی شب اسلام آباد پہنچے، اس موقعے پر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ امریکا کے ساتھ ممکنہ بات چیت کے تناظر میں پاکستان اور دیگر متعلقہ فریقین سے مشاورت کے مقصد سے دارالحکومت پہنچے ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی کی آمد پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا، جبکہ سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات بھی کیے گئے۔
اپنے قیام کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی بدلتی صورتحال، کشیدگی میں کمی کے امکانات اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ادھر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وفد کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے نتیجہ خیز گفتگو کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں امید ظاہر کی کہ ملاقاتیں تعمیری ثابت ہوں گی اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ راستہ تلاش کیا جا سکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








