بلو وہی مگر پہلے سے زیادہ خطرناک! سنجے دت کی کھل نائیک ریٹرنز کا ٹریلر جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے اپنی شہرہ آفاق فلم کھل نائیک کے سیکوئل کھل نائیک ریٹرنز کا پہلا ٹیزر اور جھلک جاری کر دی ہے جس سے مداحوں میں ایک نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں سنجے دت ایک سخت اور قدرے تاریک انداز میں دکھائی دیتے ہیں جہاں ان کے تاثرات میں سنجیدگی اور کردار کی شدت واضح نظر آتی ہے۔ وہ ایک بار پھر اپنے مقبول کردار بلو کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے جس نے شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

فلم کے ٹیزر اور پوسٹرز سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ کچھ کہانیاں ختم نہیں ہوتیں بلکہ نئے انداز میں دوبارہ جنم لیتی ہیں جبکہ ایک اور جملے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر کہانی کا ایک وقت ہوتا ہے اور اب اس کہانی کی واپسی کا وقت آ چکا ہے۔

سنجے دت نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس فلم کے سیکوئل کا خیال انہیں اس وقت آیا جب وہ 1993 کے بم دھماکوں کے مقدمے کے دوران جیل میں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں موجود قیدیوں سے جب اس کہانی کو آگے بڑھانے کے بارے میں رائے لی گئی تو تقریباً چار ہزار قیدیوں نے اس خیال کی حمایت کی اور اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

بعد ازاں جب وہ پیرول پر رہا ہوئے تو انہوں نے یہ آئیڈیا فلم کے ہدایتکار سبھاش گھئی کے ساتھ شیئر کیا جنہوں نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

یاد رہے کہ 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم کھل نائیک کی ہدایتکاری اور پروڈکشن سبھاش گھئی نے کی تھی جبکہ اس میں جیکی شروف اور مادھوری ڈکشٹ نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ یہ فلم اپنی کہانی، موسیقی اور کرداروں کی بدولت آج بھی کلاسک فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔

نئی فلم کے حوالے سے مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں تاہم فلمی ٹیم کا کہنا ہے کہ اس میں پرانی فلم کی اصل روح کو برقرار رکھتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق نئے عناصر شامل کیے جائیں گے تاکہ نئی نسل کے ناظرین کو بھی متاثر کیا جا سکے۔

Related Posts