وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ 11 کے کوالیفائر مرحلے میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دیدی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بتایا کہ میں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔ وزیرِ اعظم بھی چاہتے تھے کہ شائقین کو اجازت ملنی چاہیے، فرنچائز مالکان کی درخواست پر وزیرِ اعظم نے فینز کو اجازت دیدی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے فیصلے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ شائقین میچ دیکھنے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ میں آئیں۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے فائنل میچ کی ٹکٹوں اور انتظامات کے حوالے سے گزشتہ دن اجلاس ہوا جس میں سکیورٹی اور لاجسٹکس معاملات سمیت مجوزہ پلان پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ٹکٹوں کے مجوزہ نرخوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
معمول سے نرخ کچھ زیادہ رکھنے کی تجویز پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ کل کراچی میں کوالیفائر میچ میں شائقین کی اسٹیڈیم میں انٹری مفت ہونے کا بھی امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








