یورپ میں چینی پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 300 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ اس اضافے کے باعث یورپی یونین کی ہائبرڈ مارکیٹ میں ان گاڑیوں کا حصہ ایک سال پہلے کے محض 2 فیصد سے بڑھ کر تقریباً 20 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر چینی گاڑیوں کی یورپی فروخت بھی مارچ میں تقریباً 100 فیصد اضافے کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جس کے تحت کل 140,094 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔اس کارکردگی کے نتیجے میں چینی برانڈز نے یورپی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھا کر 9.4 فیصد تک پہنچا دیا ہے جو دو سال قبل کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اس تیز رفتار ترقی کے پیچھے جارحانہ قیمتوں کی حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی میں بہتری جیسے عوامل کارفرما ہیں۔ چینی آٹو میکرز اب نہ صرف فیچرز کے لحاظ سے یورپی کمپنیوں کے قریب آ رہے ہیں بلکہ قیمت کے اعتبار سے انہیں سخت مقابلہ بھی دے رہے ہیں جس سے خریدار زیادہ متوجہ ہو رہے ہیں۔
صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی صارفین اب غیر معمولی رفتار سے چینی گاڑیوں کی طرف رخ کر رہے ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ یہ رجحان اس مارکیٹ کے روایتی توازن کو تبدیل کر رہا ہے جس پر طویل عرصے سے یورپی کمپنیوں کا غلبہ رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








