کراچی میں سورج نے آگ برسانا شروع کر دی! شہریوں کیلئے احتیاطی ہدایات جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹول فائل)

کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا جبکہ محسوس ہونے والی گرمی 49 ڈگری تک ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کے بعد ماہرینِ صحت نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی شدت میں اضافے سے انفیکشنز اور معدے سے متعلق بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ باہر کے کھانوں اور غیر معیاری مشروبات سے پرہیز کریں اور اپنی حفاظت کیلئے ابلا ہوا پانی استعمال کریں۔ اس کے علاوہ ہدایت کی گئی ہے کہ صبح 11 بجے سے دوپہر 3 بجے کے درمیان غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور باہر جاتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔ جسم میں نمکیات کی کمی سے بچاؤ کیلئے او آر ایس کے استعمال کو بھی مفید قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر برقرار رہے گی جبکہ سمندری ہوائیں صرف شام کے اوقات میں بحال ہونے کی توقع ہے۔ حکام کے مطابق پیر کے روز گرمی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اور شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی بھر میں ہیٹ ویو ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جہاں شہریوں کو سایہ دار جگہ، پینے کا پانی اور ابتدائی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس صورتحال کے پیش نظر اسپتالوں کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے مریضوں سے نمٹنے کیلئے الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے ساتھ مل کر ضروری سامان اور عملے کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

حکام نے زور دیا ہے کہ تیز دھوپ میں بلا ضرورت نکلنے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ زیادہ درجہ حرارت اور نمی کا امتزاج صحت کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ساتھ ہی آجر حضرات کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں بیرونی کام کے شیڈول میں ردوبدل کریں۔

Related Posts