پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں جانوروں پر ظلم کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک زمیندار نے مبینہ طور پر اپنے کھیت میں داخل ہونے پر ایک گائے کی ٹانگ کاٹ دی۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ کوٹ مٹھن کے علاقے بیٹ سنترہ میں پیش آیا جہاں 2 ملزمان نے جانور کے فصلوں میں داخل ہونے پر شدید غصے میں آ کر تیز دھار آلے سے اس پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں گائے شدید زخمی ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی جانور کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، اور پٹی باندھ کر زخمی گائے کی حالت کو مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی۔دونوں ملزمان کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
معصوم جانور پر ظلم کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے جو جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا۔ جانوروں کے حقوق سے متعلق تنظیموں نے واقعے کی شدید مذمت کی اور جانوروں پر ظلم کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس قسم کے متعدد واقعات کے باعث عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔گزشتہ سال سکھر میں پولیس نے دو ملزمان کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب انہوں نے ایک اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی کیونکہ وہ مبینہ طور پر کھیت میں داخل ہو گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








