وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث متأثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج محسوس کیے گئے زلزلے کے جھٹکوں کے متعلق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.2ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 125کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکوں کے باعث اسلام آباد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز تاجکستان اور چین کا سرحدی علاقہ تھا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار ، پسنی اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیمار مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر جبکہ اس کا مرکز خضدار سے 62کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب تھا۔
زلزلے کے باعث متأثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار، پسنی یا اسلام آباد میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








