پی آئی اے کی ملکیت نئے مالکان کو کب ملے گی؟ تاریخ سامنے آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

پی آئی اے
(فوٹو: آن لائن)

قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت سامنے آگئی ہے اور اسے نئے خریداروں کے سپرد کرنے کی متوقع تاریخ بھی طے ہوگئی ہے۔ حکومتی منصوبے کے مطابق اسی مہینے پی آئی اے کی ملکیت عارف حبیب کنسورشیم کو منتقل کر دی جائے گی۔ اس سلسلے میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر کے صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے خط میں بتایا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن کو 25 مئی تک عارف حبیب کنسورشیم کے حوالے کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ اس مرحلے کیلئے نجکاری کمیشن کی جانب سے فرسٹ کلوزنگ ڈیٹ کا اعلان کیا جائے گا۔ مزید یہ بھی واضح کیا گیا کہ کنسورشیم پہلے ہی پی آئی اے کے باقی رہ جانے والے 25 فیصد حصص خرید چکا ہے۔

مراسلے میں یہ نکتہ بھی شامل ہے کہ ملکیت کی منتقلی کچھ طے شدہ شرائط، یعنی کنڈیشن پریسڈینٹ، پوری ہونے سے مشروط ہوگی، جن پر عمل درآمد کروانے کی ذمہ داری نجکاری کمیشن پر عائد ہے۔ معاہدے کے مطابق عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کو 180 ارب روپے میں حاصل کیا ہے، جس میں سے 55 ارب روپے حکومت کو موصول ہوں گے جبکہ 125 ارب روپے بطور فریش ایکویٹی کمپنی میں دوبارہ شامل کیے جائیں گے۔

ڈیل کی شرائط کے تحت نئی انتظامیہ پہلے ایک سال کے دوران کسی بھی ملازم کو برطرف نہیں کرے گی، تاکہ ادارے کے اندر استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ دوسری جانب پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی تاریخ اور ایجنڈا بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، اور اب یہ اجلاس 8 مئی بروز جمعہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

قبل ازیں یہی اجلاس 30 اپریل کو منعقد ہونا تھا، تاہم اس کے ایجنڈے سے 2025 کے ابتدائی 9 ماہ کے مالی نتائج کے جائزے کو نکال دیا گیا تھا۔ اب نئی تاریخ کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں ان مالی حسابات کو دوبارہ ایجنڈے کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 2025 کے مالی گوشواروں کی منظوری نجکاری کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے ایک لازمی مرحلہ ہے۔

Related Posts