راولپنڈی میں 1300 روپے کے تنازع پر ملزمان نے 2 نوجوانوں کو قتل کردیا۔
افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے پیر مہر علی شاہ ٹاؤن میں پیش آیا، مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مقتولین میں سے ایک کی شناخت 25 سالہ سراج اور دوسرے کی زین کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول زین کو بدترین تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد سفاک ملزمان نے اسے موٹر سائیکل کے ساتھ باندھ کر گھسیٹا اور نعش گھر کے باہر پھینک کر فرار ہوگئے۔
نوجوان زین کا ملزمان کے ساتھ کوئی تنازع نہیں تھا، سراج کے ساتھ لین دین کا تنازع تھا جس کے بدلے میں زین کو اٹھا کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں راولپنڈی میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ میں دو نوجوانوں کو قتل کردیا گیا تھا، مقتولین اور ملزمان ضلع کچہری میں اسٹامپ پیپرز کا کام کرتے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








