سانحہ 9 مئی 2023 کو تین سال مکمل ہونے کے موقع پر اس واقعے سے جڑے مقدمات اور عدالتی کارروائیوں کی ایک تفصیلی اور اہم رپورٹ منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں ملک بھر میں درج کیسز، گرفتاریوں، چالانوں اور سزاؤں کی مجموعی صورتحال سامنے لائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد شروع ہونے والی قانونی کارروائیاں اب بھی مختلف مراحل میں ہیں جہاں کچھ مقدمات کے فیصلے ہو چکے ہیں تو بڑی تعداد اب بھی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں اس سانحے سے متعلق مجموعی طور پر 319 مقدمات درج کیے گئے جن میں 35 ہزار 962 افراد کو نامزد کیا گیا جبکہ 11 ہزار 367 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہی مقدمات میں سے 307 کیسز کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے جا چکے ہیں جبکہ 12 مقدمات کے چالان ابھی تک زیرِ التوا ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 24 ہزار 595 افراد کو نامعلوم ملزمان کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور پارٹی کی مرکزی قیادت تقریباً تمام مقدمات میں بطور ملزم شامل ہے جبکہ مجموعی طور پر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کو ان کیسز میں نامزد کیا گیا ہے۔
اب تک 9 مئی سے متعلق صرف 22 مقدمات کے فیصلے سنائے جا سکے ہیں جن میں بعض افراد کو بری بھی کیا گیا ہے جن میں شاہ محمود قریشی کا نام بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ضلع راولپنڈی میں 9 مئی سے متعلق 12 مقدمات زیرِ سماعت ہیں تاہم یہ تمام کیسز ابھی تک التوا کا شکار ہیں۔ جی ایچ کیو گیٹ نمبر 1 اور گیٹ نمبر 4 سے متعلق اہم مقدمات بھی تاحال فیصلے کے منتظر ہیں۔ صرف جی ایچ کیو گیٹ ون کیس میں 119 ملزمان نامزد ہیں جن میں سے 44 کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں تاہم کسی پر جرح مکمل نہیں ہو سکی۔
اسی طرح راولپنڈی کے 11 مقدمات میں اب تک فردِ جرم بھی عائد نہیں کی جا سکی۔ تمام 9 مئی کیسز کی سماعت ویڈیو لنک اور جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کے تحت کی جا رہی ہے۔ ملٹری عدالتوں نے اس حوالے سے بعض مقدمات میں فیصلے سناتے ہوئے حسان نیازی سمیت 32 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے جبکہ مجموعی طور پر 10 مقدمات کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں مکمل ہوا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور محمود الرشید سمیت متعدد رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ اسی طرح علامہ حامد رضا، شیخ وقاص اکرم، زرتاج گل اور عمر ایوب کو بھی 10 سال قید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ہدایت دی گئی تھی کہ 9 مئی سے متعلق مقدمات کو چار ماہ کے اندر نمٹایا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








