پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر، فلم “دی لیجنڈ آف مولا جٹ” 21 مئی کو چین کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جسے چین کے سخت کنٹرول والے غیر ملکی فلموں کے کوٹے میں جگہ ملی ہے۔
ہدایتکار بلال لاشاری نے اس پیش رفت کو پاکستانی سنیما کے لیے ایک تاریخی کامیابی اور بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کرنے کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔
اس فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع اور علی عظمت اہم کرداروں میں نظر آتے ہیں۔ بلال لاشاری نے یہ خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جسے چین کے انتہائی محدود اور سخت کنٹرول والے غیر ملکی فلم امپورٹ کوٹے میں شامل کیا گیا ہے۔
اس اعلان کے ساتھ ہی ہدایتکار نے فلم کا مینڈارن زبان میں ڈب کیا گیا پوسٹر اور ٹریلر بھی جاری کیا، جس سے شائقین میں مزید جوش و خروش پیدا ہو گیا۔
بلال لاشاری کے مطابق یہ کامیابی پاکستانی سنیما کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق “دی لیجنڈ آف مولا جٹ” نے دنیا بھر میں 13 ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کیا اور پاکستان میں بھی 1 ارب روپے سے زیادہ کا ریکارڈ بزنس کر کے تاریخ رقم کی۔
یہ فلم 1979 کی پنجابی کلٹ کلاسک “مولا جٹ” کا جدید ری-امیجینیشن ہے، جو مولا جٹ اور اس کے روایتی حریف نوری نت کے درمیان شدید دشمنی کے گرد گھومتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








