پنجاب حکومت نے تعلیمی نصاب میں حب الوطنی اور “معرکہ حق” سے متعلق مضامین شامل کرنے پر اتفاق کر لیا، جبکہ نجی تعلیمی اداروں میں بھی معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی پروگرام منعقد کرانے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
یہ فیصلہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیرصدارت ہونے والے انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، ڈپٹی سیکرٹری فنانس اور ڈائریکٹر جنرل تعلقاتِ عامہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ملکی تاریخ کو اجاگر کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ شرکا نے فلم فنڈز کے تحت “معرکہ حق” اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنانے کی منظوری دی، جبکہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان کی زندگی پر ڈراما تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی نے ملک بھر میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے وسیع پیمانے پر عوامی آگہی مہم شروع کرنے پر زور دیا۔ اجلاس کے شرکا نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھیں تاکہ نوجوان نسل میں قومی شعور اور حب الوطنی کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کریں گے، جو سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی فوری نشاندہی کرے گا اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے محرم الحرام کے تناظر میں نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خصوصی سیل عوام تک بروقت اور درست معلومات کی فراہمی یقینی بنائے گا تاکہ افواہوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا سدباب کیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








