وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سائبر فراڈ کے جرم میں ملوث ملزمان نے 270شہریوں کو 13کروڑ روپے سے محروم کردیا، ملزمان نے آن لائن سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر بڑا مالی فراڈ کرتے ہوئے شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹ لیے۔
ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق 270 افراد کو 13کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد رقم سے محروم کیا گیا۔ این سی سی آئی اے نے مقامی شہری مراد خان کی شکایت پر واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقامی شہری مراد خان نے مقدمے میں غیر ملکی باشندوں سمیت متعدد افراد کو ملزم نامزد کیا۔ این سی سی آئی اے نے ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ اور فراڈ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
ملزمان شہریوں کو آن لائن سرمایہ کاری اور منافعے کے جھانسے دے کر موبائل ایپس کے ذریعے رقوم وصول کرتے تھے۔ این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








