پنکی نیٹ ورک کا گھیرا تنگ، ہینڈلرز اور رائیڈرز کی مکمل فہرست ہاتھ آگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

کوکین کوئن پولیس حراست میں، فائل فوٹو
کوکین کوئن پولیس حراست میں، فائل فوٹو

 منشیات کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آ گئی ہے، تحقیقاتی حکام نے انمول عرف پنکی کے مبینہ کوکین نیٹ ورک کے ہینڈلرز، کیریئرز اور رائیڈرز کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات میں نیٹ ورک سے جڑے 3 مرکزی ہینڈلرز اور 22 کیریئرز کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں اس نیٹ ورک کو مبینہ طور پر ملزمہ کے بھائی شوکت کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ ورک کے مرکزی ہینڈلرز کی شناخت حمزہ، عداس اور عاقب کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ کراچی میں سرگرم نیٹ ورک کے 8 رائیڈرز کا تعلق لاہور، فیصل آباد اور وہاڑی سے بتایا جا رہا ہے۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ نیٹ ورک میں صبا اور انعم عرف اینا نامی خواتین بطور کیریئر کام کر رہی تھیں، جبکہ ایک ہینڈلر حمزہ مبینہ طور پر 70 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر اس نیٹ ورک سے منسلک تھا۔

اس سے قبل وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سندھ اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ انمول عرف پنکی کے مبینہ گاہکوں کی فہرست حکام کے پاس آ چکی ہے، اور تحقیقات مکمل ہونے پر ایوان کو تفصیلی آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نیٹ ورک صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ پنجاب اور اسلام آباد تک بھی پھیلا ہوا ہے، اور حکومت منشیات کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے۔

Related Posts