حافظ آباد میں منفرد ذائقے کے حامل زرد تربوز کی کاشت میں نمایاں اضافہ

تازہ ترین

تازہ ترین

حافظ آباد

پاکستان کے ضلع حافظ آباد میں زرد رنگ کے تربوز کی کاشت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور اس منفرد قسم نے شہریوں کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔

چاول اور گندم کی پیداوار کے حوالے سے پہچانے جانے والے اس علاقے میں اب زرعی شعبے میں جدت کے تحت زرد تربوز بھی کاشت کیا جا رہا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں لوگ روایتی سرخ تربوز کے ساتھ ساتھ اس نئے پیلے رنگ کے تربوز کے ذائقے، مٹھاس اور رسیلے پن سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

کاشتکاروں کے مطابق اس بار پہلی مرتبہ جدید اور نسبتاً مہنگے بیج استعمال کرتے ہوئے اس قسم کے تربوز کی کاشت شروع کی گئی ہے۔ زمینداروں کا کہنا ہے کہ اس کا ذائقہ زیادہ میٹھا ہے، اس کی خوشبو مختلف نوعیت کی ہے اور یہ عام تربوز کے مقابلے میں ایک الگ تجربہ فراہم کرتا ہے۔

زرعی ماہرین اور کسانوں کے مطابق زرد تربوز کی کاشت پر لاگت عام اقسام کے مقابلے میں زیادہ آئی ہے، کیونکہ بیج اور دیکھ بھال کے اخراجات بھی بلند رہے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس کی بڑھتی ہوئی مانگ انہیں اچھے منافع کی امید دلا رہی ہے۔

مقامی سبزی منڈیوں میں یہ زرد تربوز خریداروں کی خاص دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی مرتبہ اس رنگ کا تربوز دیکھا ہے اور اس کا ذائقہ انہیں روایتی اقسام سے زیادہ خوشگوار اور مختلف محسوس ہوا۔

کاشتکاروں نے متعلقہ حکومتی اداروں سے درخواست کی ہے کہ انہیں جدید زرعی سہولتیں، مالی معاونت اور سبسڈی فراہم کی جائے تاکہ اس نئی فصل کی پیداوار کو مزید وسعت دی جا سکے جبکہ ماہرین کے مطابق منفرد رنگت، بہتر ذائقے اور بڑھتی ہوئی طلب کے باعث حافظ آباد کا زرد تربوز آنے والے وقت میں عالمی منڈیوں تک بھی رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

Related Posts