حکومت پاکستان نے بینظیر کفالت پروگرام کی ادائیگیوں میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں جنوری 2027 سے 14,500 روپے سے بڑھا کر 18,000 روپے فی سہ ماہی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں اس اضافے کے لیے مالی گنجائش رکھی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ اضافہ 2026 کی متوقع مہنگائی کے اثرات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ امدادی سطح کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ یہ رقوم کم آمدنی والے خاندانوں کے اخراجات کے تقریباً 15 فیصد حصے کے قریب پہنچ سکیں۔
آئی ایم ایف نے بتایا ہے کہ پاکستان نے دسمبر 2025 کے اختتام تک مقرر کیے گئے تمام سات مالیاتی کارکردگی اہداف پورے کر لیے ہیں جن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نقد امداد سے متعلق اہداف بھی شامل ہیں۔
فنڈ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت نے جنوری 2026 میں کفالت پروگرام کے لیے مہنگائی کے مطابق اضافہ پہلے ہی نافذ کر دیا تھا اور مالی سال 2026 کے دوران غیر مشروط اور مشروط کیش ٹرانسفر کے بجٹ کو مکمل استعمال کرنے کی سمت میں پیش رفت جاری ہے ساتھ ہی پروگرام کی کوریج بھی بڑھائی جا رہی ہے۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا ہے کہ مشروط نقد امداد پر ہونے والے اخراجات کو مستقبل میں بھی جی ڈی پی کے تناسب سے برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








