ن لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی جانب سے اپی مبینہ کردار کشی کے خلاف درخواست پر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ شیخ سائرہ کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، جس پر ان کی دل دہلادینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سعد رفیق کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے شیخ سائرہ کو طلب کیا، جس پر ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں شیخ سائرہ روتے ہوئے کہتی ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ سعد رفیق کی عزت کی اور اگر کسی ٹوئٹ یا ری ٹوئٹ سے کوئی غلط فہمی پیدا ہوئی تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں سیالکوٹ سے اسلام آباد بلایا گیا ہے، جبکہ وہ اکیلی خاتون ہیں، والد ہے اور نہ ہی شوہر، وہ کیسے سفر کریں گی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک عام خاتون کو اس طرح طلب کرنا کس انصاف کے زمرے میں آتا ہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے قانونی عمل کا احترام کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق نے کچھ روز قبل NCCIA میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے کانسٹیٹیوشن ون پراجیکٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے کردار کشی کرنے والوں کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








