آن لائن کمائی کا طریقہ سیکھنا چاہتے ہیں؟ حکومت کرے گی تربیت مگر کیسے؟ جانیں یہاں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی حکومت نے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا ڈیجیٹل اسکلز پروگرام متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے انہیں جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے نئے مواقع کے لیے تیار کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو روایتی تعلیم سے آگے بڑھ کر عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے۔

یہ تربیتی اقدام نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے اشتراک سے شروع کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی وزیرِاعظم کے وژن کے تحت کی جا رہی ہے۔ پروگرام میں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید ڈیجیٹل سکلز سکھائی جائیں گی۔

تربیتی کورسز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے مختلف استعمال، فنانشل ڈیٹا اینالسس کے لیے پاور بی آئی، ای کامرس بزنس کو اے آئی کے ذریعے بہتر بنانے کی تکنیک، فری لانسنگ کے عملی طریقے اور گرافک ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سرچ انجن آپٹیمائزیشن جیسے اہم شعبے شامل ہوں گے۔

حکام کے مطابق یہ تمام کورسز بغیر کسی فیس کے فراہم کیے جائیں گے اور خاص بات یہ ہے کہ تربیت صرف لیکچرز تک محدود نہیں ہوگی بلکہ مکمل پریکٹیکل سیشنز بھی شامل ہوں گے تاکہ نوجوان عملی طور پر کام کرنے کے قابل ہو سکیں۔

پروگرام کے لیے ملک بھر میں جدید کمپیوٹر لیبز قائم کی گئی ہیں جہاں ماہر ٹرینرز نوجوانوں کو تربیت دیںگے۔ اس میں خاص فوکس نئی ٹیکنالوجیز، خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل انڈسٹری کے رجحانات پر رکھا گیا ہے۔

اہلیت کے مطابق اس پروگرام میں داخلے کے لیے کم از کم تعلیم انٹرمیڈیٹ مقرر کی گئی ہے جبکہ پاور بی آئی کورس کے لیے بیچلر ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے۔

درخواستیں آن لائن جمع کروائی جا سکتی ہیں اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد سرکاری پورٹل https://nsis.navttc.gov.pk پر درخواست دے سکتے ہیں۔

حکام نے نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ مستقبل کی ڈیجیٹل اکانومی میں مضبوط کردار ادا کر سکیں۔

Related Posts