سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے اپنے اقدامات کو مزید وسعت دیتے ہوئے حیدرآباد میں ایک اہم اسکیم کے تحت پنک اسکوٹیز کی مفت تقسیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو آسان اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے مطابق حال ہی میں شاہراہ بھٹو کو عام ٹریفک کے لیے کھولنے کے اعلان کے بعد اب ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت 28 مئی کے روز حیدرآباد میں خواتین کو مفت پنک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔
سینئر وزیر نے اس اسکیم کو خواتین کی خودمختاری کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنک ای وی اسکوٹی منصوبہ معاشرتی رویوں میں تبدیلی کا باعث بن رہا ہے اور اس نے خواتین کے لیے نقل و حرکت کے مواقع بہتر کیے ہیں۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران صرف ایک ہزار اسکوٹیز کی فراہمی نے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں اور اب اسی پروگرام کو حیدرآباد تک توسیع دی جا رہی ہے تاکہ مزید خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








