کراچی میں بس کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش اس کے والدین نے وصول کرنے سے انکار کردیا اور اس سے لاتعلقی ظاہر کردی۔
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن لانڈھی جوگی موڑ کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار خاتون بس کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق تیز رفتار مسافر بس نے موٹرسائیکل سوار خاتون کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ حادثے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جبکہ مسافر بس کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ متوفیہ کی شناخت حرا کے نام سے ہوئی ہے جو جوگی موڑ کے قریب ہی رہائش پذیر تھیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ حرا کا تعلق حیدرآباد سے تھا اور انہوں نے پسند کی شادی کے بعد کراچی میں رہائش اختیار کی تھی۔
افسوسناک صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پولیس کے مطابق متوفیہ کے والدین نے لاش وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اس سے لاتعلقی ظاہر کردی۔ اس کے بعد پولیس نے دیگر قانونی کارروائی شروع کردی ہے اور شوہر سے رابطے کی کوششیں بھی جاری ہیں تاکہ لاش ان کے حوالے کی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








