سعد ایدھی اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد کراچی پہنچ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

سعد ایدھی
(فوٹو: آج نیوز)

اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد سماجی رہنما اور ایدھی فاؤنڈیشن کے روحِ رواں فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی کراچی واپس پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر ان کا نہایت گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر موجود شہریوں اور سماجی کارکنوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے خوشی اور خیرسگالی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق سعد ایدھی کو اس وقت اسرائیلی فوج نے حراست میں لیا تھا جب وہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے فلوٹیلا مشن کا حصہ تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ قافلہ بین الاقوامی سمندر میں تقریباً 200 ناٹیکل میل کے فاصلے پر غزہ کے قریب پہنچا تھا جب اسے روکا گیا اور غیرقانونی کارروائی کی گئی۔

سماجی رہنما سعد ایدھی کا کہنا ہے کہ حراست کے دوران انہیں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑا اور مختلف مقامات پر بار بار منتقل کیا جاتا رہا اور قید کے دوران خوراک کے طور پر انتہائی محدود اشیا فراہم کی گئیں جن میں بنیادی طور پر روٹی اور پانی شامل تھا۔

سعد ایدھی نے مزید بتایا کہ اس دوران انہوں نے احتجاجاً بھوک ہڑتال بھی کی اور کئی دن صرف پانی پر گزارہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پورا مشن انسانی خدمت اور فلسطینی عوام کی مدد کے جذبے کے تحت انجام دیا جا رہا تھا۔

اس موقعے پر فیصل ایدھی نے کہا کہ سعد ایدھی نے انسانی خدمت کے جذبے کے تحت ایک انتہائی مشکل اور خطرناک مشن میں حصہ لیا تاکہ فلسطینیوں کی آواز دنیا تک پہنچائی جا سکے۔یاد رہے کہ سعد ایدھی اس امدادی قافلے کا حصہ تھے جسے غزہ کی طرف جاتے ہوئے اسرائیلی فورسز نے روک کر کارروائی کرتے ہوئے تحویل میں لے لیا تھا۔

Related Posts