اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ملک بھر میں بڑھتے ہوئے اے ٹی ایم فراڈ کے واقعات کے پیش نظر تمام کمرشل بینکوں کو نئی سیکیورٹی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کا مقصد صارفین کے بینک اکاؤنٹس اور اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
ایس بی پی کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام بینکوں کو اے ٹی ایم بوتھس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صارفین کے اکاؤنٹس یا اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری الرٹ جاری کریں۔
اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق چپ اینڈ پن (Chip & PIN) کارڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ غیر مجاز لین دین اور مالی فراڈ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
مرکزی بینک نے مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم سسٹمز اور بینکنگ سافٹ ویئر کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں، محفوظ اور خفیہ نیٹ ورکنگ کو یقینی بنائیں اور اے ٹی ایم مشینوں میں جدید حفاظتی آلات نصب کریں تاکہ فراڈ کی بروقت نشاندہی اور روک تھام ممکن ہو سکے۔
ایس بی پی نے صارفین کو بھی ہدایت کی ہے کہ اگر وہ کسی اے ٹی ایم فراڈ یا مشکوک ٹرانزیکشن کا شکار ہوں تو فوری طور پر اپنے متعلقہ بینک کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ اگر شکایت کا بروقت ازالہ نہ ہو تو صارفین اسٹیٹ بینک کے آن لائن شکایت پورٹل پر بھی اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








