اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی بچے ہمارا مستقبل ہیں جبکہ بچوں کو محفوظ مستقبل فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ وزیر اعظم آفس کے پیغام کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے سیکریٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخواہ محمد ادریس اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بچوں کے حقوق کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مستقبل کے معماروں پر سرمایہ کاری ضروری ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بچوں پر سرمایہ کاری اور بہتر نشوونما سے قوم کی پائیدار ترقی ممکن ہے۔ بے آسرا اور محرومیوں کا شکار بچوں کے تحفظ اور تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات پر بھرپور توجہ دی جائے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بے آسرا اور محرومیوں کا شکار بچے ریاست کی ذمہ داری ہیں۔ بچوں کو استحصال سے بچانے اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
(1/4) وزیر اعظم عمران خان سے سیکرٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخوا محمد ادریس اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد کی ملاقات
ملاقات میں بچوں کے حقوق کےتحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت#PMImranKhan pic.twitter.com/dtyywJgXf1— Prime Minister's Office (@PakPMO) February 12, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل سینیٹ نے بچے کی پیدائش پر ماں اور باپ کے لیے بالترتیب 6 اور 3 ماہ کی چھٹیوں سے متعلق بل منظور کر لیا تاہم حکومت کی جانب سے بل کی مخالفت دیکھنے میں آئی۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت 27 جنوری کو منعقدہ سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر قرۃ العین کی جانب سے بچے کی پیدائش پر ملازمت پیشہ والدین کے لیے تعطیلات کے حوالے سے بل پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: بچے کی پیدائش پر ماں باپ کی چھٹیوں کا بل منظور
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








