لاہور: گلوکارو اداکار علی ظفر کی درخواست پر لاہور کی سیشن عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر کے خلاف ہتکِ عزت کے دعوے پر سماعت روک دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج لاہور امجد علی شاہ نے گلوکار علی ظفر کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ، میشاشفیع کے ہرجانے کے دعوے کی سماعت روکنے کے لیے علی ظفر نے ایک اور درخواست دائر کی تھی جس پر رواں ماہ کے آغاز میں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
فیصلے میں عدالت نے علی ظفر کی درخواست قبول کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں لکھا کہ علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے کا فیصلہ ہونے تک میشا شفیع کے کیس کی سماعت نہیں ہوگی، پہلے علی ظفر کے ایک ارب ہرجانے کے کیس کی سماعت مکمل ہوگی۔
خیال رہے کہ 2018 میں میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، میشا شفیع کا کہنا تھا کہ جنسی ہراسانی پر بات کرنا آسان نہیں لیکن اس پر خاموش رہنا بھی بہت مشکل ہے، میں خاموش رہنے کے کلچر کو توڑوں گی۔
گلوکار و اداکار علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کر تے ہوئےمیشا شفیع کےخلاف ہتک عزت کا دعوٰی دائر کرتے ہوئے ایک ارب روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
مزید پڑھیں: میشا شفیع کی ایک ٹوئٹ نے میری زندگی بدل دی، علی ظفر
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








