بیجنگ: ہمسایہ ملک چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 110افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 775ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز تک 1665ہلاک ہوئے تھے جبکہ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 71ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 71ہزار 334افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 11ہزار298 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 11 ہزار 29 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے، تاہم وائرس کے پھیلاؤ کی شرح تشویشناک حد تک زیادہ ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 29 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ایک ایک ہلاکت ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایپل نے کورونا وائرس کے باعث چین میں بند دفاتر دوبارہ کھولنا شروع کر دیئے۔ ایپل نے شنگھائی میں دوبارہ کھولے جانے والے اسٹور میں کام کے اوقات کو محدود کر دیا ہے۔
امریکی کمپنی ایپل نے چین کے شہر بیجنگ میں بھی 14 فروری سے اپنے چند بند ریٹیل اسٹورز کو دوبار کھولنے کا اعلان کیا تھا جبکہ چینی حکومت اسے خوش آئند قرار دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں: ایپل نے چین میں بند دفاتر کھولنا شروع کر دیئے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








