کراچی: مہلک کورونا وائرس کے باعث شہرِ قائد میں 2 مریض چل بسے جس سے شہرِ قائد میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
وائرس کے باعث کراچی میں ہلاکتوں کی تصدیق وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کی۔ ان کے بیان کے مطابق دونوں مریض عمر رسیدہ تھے۔
صوبائی وزیرِ صحت کے مطابق تین روز قبل 66 اور 52 سالہ مریضوں کو ہسپتال لایا گیا، تاہم بیماری کی شدت کے باعث وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
وزیرِ صحت عذرا پیچوہو کے مطابق صوبہ سندھ میں کسی اور شہر میں کورونا وائرس کے باعث کوئی شخص جاں بحق نہیں ہوا۔ صوبے میں پانچوں اموات شہرِ قائد میں ہوئیں۔
عذرا پیچوہو کے بیان کے مطابق کراچی میں 222 افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے بھر میں متاثرہ افراد 502 ہیں۔
بیان کے مطابق اب تک صوبے میں 14 مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں، تاہم کورونا وائرس صوبے بھر میں پھیل رہا ہے۔