کراچی:صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 86 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1 ہزار 214 ہو گئی ہے۔
صوبہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سیّد مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 586 مزید ٹیسٹ کیے گئے جس سے مزید 86 افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ گزشتہ روز تک مجموعی ٹیسٹس 11 ہزار 623 ہوئے تھے۔
وائرس کے متعلق اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے اعدادوشمار شامل کرنے کے بعد صوبے میں مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12 ہزار 209 ہو گئی ہے جبکہ سندھ بھر میں وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد 358 ہے جو کُل مریضوں کا 30 فیصد ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 1 موت ہوئی جو میرے بہنوئی سیّد مہدی شاہ کی تھی جس سے صوبے بھر میں مجموعی اموات 22 ہو گئی ہیں جو کل مریضوں کا 1.8 فیصد ہے۔
مہدی شاہ کی وفات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مہدی شاہ 52 سال کے تھے۔ 28 مارچ کو ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ وہ کورونا سے جنگ جیت گئے تھے۔ ان کے 2 ٹیسٹ منفی آئے تھے تاہم انہیں کورونا کے باعث پھیپھڑوں کی خرابی اور دیگر امراض نمودار ہوئے۔
سندھ کے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پھیپھڑوں اور دیگرامراض کے باعث مہدی شاہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ ہسپتال میں مہدی شاہ کو کورونا کا مریض نہیں بتایا گیا، تاہم ہم نے اسی بنیاد پر ان کی تدرین کی۔
وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہزاروں لوگوں نے دکھ کی گھڑی میں ہمیں تعزیتی پیغامات بھیجے۔ زیادہ تر لوگ میرے جاننے والے نہیں ہیں، میں سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے تعزیت کی۔ دوستوں سے گزارش ہے کہ گھروں مین دعا کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اپنے گھروں میں رہیں۔ ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں۔ اپنی، اپنے خاندان اور دوستوں کی زندگی کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔ حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد سے کورونا وائرس کو شکست دیں۔