اسلام آباد :وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے توانائی اور سفر کی لاگت میں کمی آئے گی اور حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھائے گی اور عوام کو بھی اس کا فائدہ پہنچائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناول کورونا وائرس وبائی بیماری کے پھیلنے سے پہلے ہی ملک کی معیشت میں بہتری آ رہی تھی اور مقامی کرنسی مستحکم ہوچکی تھی لیکن کورونا وائرس کی وبا نے ہماری معیشت کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن نے معاشی سرگرمیاں کم کردی ہیں اور عالمی معیشت کے سکڑ جانے سے ہماری برآمدات میں کمی آئی ہے۔
ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہاجب پاکستان تحریک انصاف برسر اقتدار آئی تو ملک کی معیشت ابتری کا شکار تھی ،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ملک کی معیشت کو درست سمت پر رکھنے کے لئے فوجی بجٹ روک دیا۔ کاروبار کو مراعات دینے کے لئے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
مشیر خزانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ کورونا وائرس کے باعث ٹیکس محصولات متاثر ہوں گے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے دوران سالانہ معاشی پیداوار میں 1.5 فیصد کمی واقع ہوگی۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی، حفیظ شیخ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








