سندھ حکومت کے مختلف اداروں کی سرپرستی میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لگائے گئے لاک ڈاؤن کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے جبکہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس وڑائچ کوچ نے کراچی سے پنجاب بس سروس شروع کردی ہے جس میں 4 گنا زائد کرائے وصول کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ کے پابندی کے واضح احکامات کے باوجود کراچی کے علاقے قیوم آباد میں وڑائچ کوچ کی یومیہ 6 بسیں مسافروں کو لے کر پنجاب روانہ ہو رہی ہیں جس کی ایم ایم نیوز ٹی وی نے لائیو کوریج کی۔
لائیو کوریج کرکے ایم ایم ایم نیوز نے متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے، تاہم علاقہ پولیس ڈیفنس اور ابراہیم حیدری تھانے کی سرپرستی میں وڑائچ کوچ کے ٹرانسپورٹرز نے حکومتی رٹ کو چیلنج کردیا ہے۔
حکومتی رِٹ چیلنج کرنے کے اقدامات میں متعلقہ خلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر ضلع کورنگی زاہد جونیجو، ایس ایچ او ابراہیم حیدری اور ایس ایچ او تھانہ ڈیفنس ٹرانسپورٹرز کا ساتھ دے رہے ہیں جبکہ وزیرِ اعلیٰ اور صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ اس عمل سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں۔
کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے تاہم وڑائچ کوچ گزشتہ ایک ہفتے سے یومیہ 6 بسیں پنجاب روانہ کرنے میں مصروف ہے جس کے بکنگ ایجنٹ قیوم آباد آفس کے باہر موجود ہوتے ہیں۔
قبل ازیں گاڑیاں کورنگی کراسنگ ملیر ندی کے اندر کھڑی کی جارہی تھیں اور تمام مسافروں کو طلب کرکے روانہ کیا جارہا تھا۔ ایم ایم نیوز نے کمشنر کراچی کو صورتحال سے آگاہ کیا تو پولیس حرکت میں آگئی۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








