اسلام آباد: پولیس کے نائب قاصد نے اپنے بھائی کے ساتھ ملکراسلام آباد میں منشیات فروشی کا کاروبار شروع کردیا، اے این ایف نے دونوں کو دھرلیا، منشیات برآمد، مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
شہر اقتدار میں واقع آئی جی آفس میں تعینات نائب قاصد محمد عرفان اور اس کا سگا بھائی محمد نعمان دونوں عرصہ دراز سے اسلام آباد میں منشیات فروخت کرتے تھے ،ذرائع کے مطابق دونوں بھائی علاقہ غیر سے منشیات اسمگل کر کے لاتے تھے ۔
اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں کالجوں اور اسکولوں میں سپلائی کرتے تھے ،ان کی شکایات اسلام آباد پولیس کو متعدد مرتبہ کی گئی لیکن پولیس نے اپنے پیٹی بھائیوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنا مناسب نہ سمجھا جبکہ ان دونوں بھائیوں نے پورے اسلام آباد میں منشیات فروش کرنے کا بیڑا اٹھا رکھا تھا۔
موصولہ درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کلو سے زائد چرس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔