نیب لاہور نے آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں گرفتارسابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں تحویل میں لینے کا حکم دے دیا۔
نیب لاہور کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر انتظامی افسران کو خط لکھ دئیے گئے جس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے تمام اثاثہ جات کو تحویل میں لینے کے احکامات دئیے گئے ہیں جبکہ سینکڑوں کنال زرعی اراضی، فلیٹ، بینک اکاؤنٹ، متعدد اپارٹمنٹ، پلاٹس کو بھی تحویل میں لیا جائے گا۔
نیب لاہور کے مطابق مختلف موضع جات میں سیکڑوں کنال اراضی کی تفصیل ڈی سی آفس کوفراہم کردی گئی ہے تاکہ کارروائی کا فوری آغاز کیا جا سکے، کرباتھ میں 22 کنال 19 مرلہ، جھولکے میں 48 کنال 10 مرلہ، ڈھوری میں 21 کنال 4 مرلہ اور تیڈھا میں 99 کنال 17 مرلہ زمین ہے، جو سرکاری تحویل میں لینے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ حافظ آباد میں موجود 113 کنال 19مرلہ زرعی زمین اور دیگر 188 کنال 12مرلہ زمین فوری قبضے میں لینے کے احکامات بھی دئیے گئے ہیں۔ پلاٹوں کی تفصیلات میں بینک الفلاح ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15,15مرلہ کے دو پلاٹ، گلبرگ ریزیڈینشیاء اسلام میں قائم آئی بی ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود ایک پلاٹ،ایف آئی اے کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود 2 پلاٹ، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود 4 پلاٹ بھی فریز کی گئی جائیدادوں میں شامل ہیں۔
نیب ذرائع نے کہا احد خان چیمہ کے نام ہل لاک ویو اسلام آباد میں موجود 1790 مربع فٹ پر مشتمل اپارٹمنٹ بھی فریز کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








