کراچی:لیلیٰ، شیریں ، سسی ، ماروی اور زوہا پانچ پاکستانی بہنوں نے بیوروکریسی میں شامل ہونے کے لئے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے ایک انوکھا ریکارڈ قائم کردیاہے، زوہا ملک شیر بیوروکریٹ بننے والی سب سے کم عمر اور پانچویں بہن بن گئی ہیں۔
زوہا شیر ملک کی چار بڑی بہنیں پہلے ہی مختلف سرکاری عہدوں پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پانچ بہنوں میں سب سے بڑی لیلیٰ شیر ملک نے 2008 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا تھا۔ وہ فی الحال کراچی میں بورڈ آف ریونیو میں ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
لیلیٰ شیر ملک نے 21 سال کی عمر میں امتحان پاس کرکے پاکستان کی تاریخ کی سب سے کم عمر سی ایس پی آفیسر بنی تھیں۔ سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے کے بعد انہوں نے انگریزی ادب میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔
ایک اور بہن شیریں ملک شیر نے 2010 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا تھا اور اس وقت اسلام آباد میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ڈائریکٹر تعینات ہیں۔ 2017 میں سسی ملک اور ماروی ملک نے امتحان دیااور دونوں نے اس میں کامیابی حاصل کی۔
سسی لاہور چھاؤنی میں سی ای او ٹریننگ کورس کے بعد اب ڈپٹی ایگزیکٹو سی ای او چکلالہ کنٹونمنٹ ، راولپنڈی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ماروی ایبٹ آباد میں اسسٹنٹ کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن آف پاکستان نے سینٹرل سپیریئر سروسز کے تحریری امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ہے جس میں کامیاب ہونیوالوں میں زوہا شیر ملک کا نام بھی شامل ہے۔
سب سے چھوٹی بہن زوہا نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے کے بعد پاکستان میں ایک غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا ہے، زوہا تعلیم کے ساتھ ساتھ کالج میں اپنی نیٹ بال ٹیم کی کپتان تھیں اور اسٹوڈنٹ کونسل کی صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔
زوہا ملک شیر بین الاقوامی تعلقات میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں اورشیر بہنوں کا تعلق ہری پور ہے۔ تمام بہنوں نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی کے ایک کانونٹ اسکول سے حاصل کی۔
مزید پڑھیں: ناسا نے کیتھی لیوڈرز کو انسانی اسپیس فلائٹ پروگرام کی پہلی خاتون منتظم بنا دیا
یہ وہی اسکول ہے جہاں سے پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے بھی ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








