کراچی :محکمہ ایکسائز سندھ نے ایک کامیاب کارروائی میں بلوچستان سے کراچی چرس کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ایک ملزم گرفتار،اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا ٹرک بھی قبضے میں لے لیا۔
اسسٹنٹ ایکسائز انسپکٹر ضیاء اسلام نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایکسائز چیک پوسٹ نزد زرعی کالج جیک آباد پر مشکوک ٹرک نمبر ٹی کے کیو523 کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 660 کلو چرس برآمد کرلی۔ جبکہ ایک ملزم سمیع اللّہ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم قلعہ عبداللہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
کامیاب کارروائی پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ ، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ ایکسائز سندھ کے افسران اسی محنت اور لگن سے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو جاری رکھیں گے۔