نشانِ حیدر پانے والے قوم کے پہلے سپوت کیپٹن سرور کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے

تازہ ترین

تازہ ترین

نشانِ حیدر پانے والے قوم کے پہلے سپوت کیپٹن سرور کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے
نشانِ حیدر پانے والے قوم کے پہلے سپوت کیپٹن سرور کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے

اسلام آباد: پاکستان بھر میں قوم کے عظیم سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کا 72واں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے جبکہ کیپٹن سرور وطن کی حرمت پر جان دینے والے پہلے آفیسر ہیں جنہیں نشانِ حیدر کا اعزاز عطا کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سن 1948ء میں جنگِ کشمیر کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن محمد سرور نے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ قوم کیپٹن محمدسرور کی خدمات ہمیشہ یاد رکھے گی۔

راولپنڈی کے گاؤں سنگھوری میں جنم لینے والے کیپٹن محمد سرور شہید کی عمر شہادت کے وقت 37  سال تھی۔ کیپٹن سرور نے سن 1929ء میں فوج میں سپاہی کی حیثیت سے خدمات انجام دینا شروع کیا۔

سن 1944ء میں کیپٹن محمد سرور کو پنجاب رجمنٹ میں شامل کیا گیا۔ برطانیہ کی طرف سے دوسری جنگِ عظیم میں شرکت کی۔ سن 1946ء میں انہیں کیپٹن بنایا گیا اور جب پاکستان قائم ہوا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

قیامِ پاکستان کے بعد کیپٹن محمد سرور پاک فوج میں شامل ہو گئے۔ کشمیر میں آپریشن سن 1948ء میں ہوا جس کے دوران انہوں نے گلگت بلتستان اور لداخ کی طرف سے بھارت کو پسپا کیا۔

جب دشمن نے خاردار تاریں استعمال کرتے ہوئے کیپٹن محمد سرور کا راستہ بند کردیا تو انہوں نے وہ تاریں کاٹ ڈالیں جس کے دوران ہی دشمن نے ان پر گولے برسانا شروع کردئیے۔

شدید گولہ باری کے باعث کیپٹن محمد سرور زخمی ہو گئے۔ 27 جولائی 1948ء کیپٹن محمد سرور کی شہادت کا دن ہے جب محمد سرور کی بٹالین اڑی سیکٹر میں دشمن کی اہم پوزیشن کو نشانہ بنا چکی تھی۔

قوم کے عظیم سپوت نے وطن کی حرمت پر جان دے دی۔ دشمن کی طرف سے کیپٹن سرور کو شہید کیے جانے کے بعد مجاہدین نے دشمن پر بھرپور حملہ کرکے اسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔

سب سے پہلے نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے کیپٹن محمد سرور کی یاد میں آج ملک بھر میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ پاکستانی فوج اور اعلیٰ قیادت کے ساتھ ساتھ عوام بھی  کیپٹن محمد سرور شہید کو خراجِ تحسین پیش کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں: لارنس نائیک محمد محفوظ کا48واں یومِ شہادت 

Related Posts