مانچسٹر: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقع پر پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج کے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا لئے ہیں۔ بابر اعظم اور شان مسعود وکٹ پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وباء کے باعث تماشائیوں کو میچ دیکھنے کے لیے میدان میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ پاکستان اور میزبان انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ مانچسٹر کے میدان میں کھیلا جا رہا ہے۔
شروع کی دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور شان مسعود نے ذمہ داری کرتے ہوئے محتاط کھیل کھیلا اور اسکور کو 139تک پہنچا دیا، اس وقت بابر اعظم 69 جبکہ شان مسعود 46 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ بارش کے باعث میچ کافی دیر رکا رہا۔
اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا۔ اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ 36 رنز کی شراکت قائم کی تاہم جوفرا آرچر نے عابد علی کو 16 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ کرس ووکس کے حصے میں آئی۔