ڈبلن:آئرلینڈ کے وزیرِ زراعت نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں نافذ ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث استعفیٰ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کے وزیرِ زراعت نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومتی رہنما ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث استعفیٰ دیا، جبکہ وزیرِ زراعت ڈیرہ کیلری نے کورونا وائرس ہدایات کی خلاف ورزی ایک گالف سوسائٹی کے ڈنر میں شرکت کے دوران کی۔
آئرلینڈ کی حکومت نے 24 گھنٹے قبل ہی یہ ہدایات جاری کی تھیں کہ اندرونِ خانہ 6 افراد سے زائد افراد کا اجتماع منعقد نہیں کیا جاسکتا جبکہ مذکورہ ڈنر میں 80 فیصد لوگ شریک ہوئے جس پر وزیرِ زراعت و خوراک ڈیرہ کیلری نے استعفیٰ دیا۔
جمعرات کے روز وزیرِ زراعت نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے ایک تقریب میں شرکت کی جس کا وعدہ میں نے کچھ ہفتے قبل کیا تھا تاکہ ایک شخص کو خراجِ تحسین پیش کرسکوں جس کی میں بے حد عزت کرتا ہوں تاہم حکومتی ہدایات کی روشنی میں مجھے ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔
وزیرِ زراعت نے کہا کہ میں ملک میں موجود ہر شخص سے اپنے اِس رویے پر معذرت کرتا ہوں۔ کورونا وائرس کے باعث آئرلینڈ مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ میں حکومت میں موجود اپنے تمام ہم پیشہ حکام سے بھی معذرت کرتا ہوں جبکہ آئرلینڈ کے وزیرِ اعظم نے وزیرِ زراعت کا استعفیٰ منظور کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ترک صدرنے گرجا گھر کو دوبارہ مسجد بنانے کا اعلان کردیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








