کراچی:قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان میں قائدانہ صلاحیت ہے اور وہ مستقبل میں قومی ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔
راشد لطیف کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ رضوان میں مستقبل کا کپتان بننے کی صلاحیت ہے، انہوں نے پاکستان اے ٹیم کی بھی کافی قیادت کی ہوئی ہے، شاید انہیں تیار کر رہے ہیں اور مینجمنٹ یہ سوچ رہی ہو کہ اگر کل کچھ ہو تو رضوان ایسا کھلاڑی ہے جسے ہم قیادت کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ رضوان کا باؤلرز سے رابطہ بہت اچھا ہے اور یہ بہت کام کی چیز ہے کیونکہ وکٹ کیپر کا کام صرف بیٹنگ یا وکٹ کیپنگ کرنا نہیں بلکہ ٹیم کو چلانا بھی ہوتا ہے۔
راشد لطیف نے کہا کہ جب شاداب خان کو چھکا لگا تو رضوان ان کے پاس گئے اور ان سے بات کی، اسی طرح وہ فیلڈنگ بھی سیٹ کر رہے تھے کیونکہ بابر اعظم اس وقت مڈ وکٹ پر تھے اور انہیں فیلڈ میں موجود خلا کا اندازہ نہیں ہو پا رہا تھا لیکن رضوان نے اس کی نشاندہی کی کیونکہ وہ وکٹ کے وسط میں کھڑے تھے۔
دوسری جانب راشد لطیف نے کہا کہ اگر شعیب ملک اور حفیظ کھیل سکتے ہیں تو سرفراز بھی کھیل سکتے ہیں، سرفراز کا قصہ تمام نہیں ہوا، یہاں کسی کا بھی قصہ تمام نہیں ہوتا، کئی کھلاڑی ڈراپ ہونے کے بعد کم بیک کرتے ہیں لہٰذا انہیں کم از کم ایک فارمیٹ میں ضرور آزمایا جانا چاہیے۔