لاہور: معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کا کہنا ہے کہ میں نے پاپ گلوکاری کا بھی مظاہرہ کیاہے،مگر جو لطف صوفیانہ کلام میں ہے اسے الفاظ نہیں دئیے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک میں نے جتنا بھی صوفیانہ کلام پیش کیا ہے اسے پذیرائی ملی ہے، فلم میں کام کرنا میرا مزاج ہی نہیں ہے۔ ایک انٹر ویو میں گفتگوکرتے ہوئے حدیقہ کیانی نے کہا کہ میں نے بچوں کے پروگرام سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
بعد میں ذاتی میوزیکل البم بنائی اور پہلی کاوش کامیاب ہوئی جس کے بعد میری کامیابیوں کا سفر شروع ہو گیا اور اس سفر میں صوفیانہ کلام کا سب سے بڑا ہاتھ ہے۔
گلوکارہ نے کہا کہ مجھ سے پوچھا جائے تو میں صوفیانہ کلام کو پہلی ترجیح دوں گی۔ حدیقہ کیانی نے کہا کہ فلم میں کام کرنا میری خواہش نہیں رہی کیونکہ ہر کسی کا اپنا مزاج ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ میں فلموں میں کام نہیں کر سکتی اس لئے متعدد بار فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہو ئی جسے ٹھکرا چکی ہوں،میں خود کو صرف گلوکاری کی حد تک محدود رہنا چاہتی ہوں۔ صوفیانہ کلام میری پہلی ترجیح ہے۔