چمن : جمیعت علمائے اسلام (ف)کےمرکزی رہنما مولانامحمد حنیف کو آبائی گاؤں ملت آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا، اس موقع پرچمن اور کوئٹہ شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے اس موقع دکانیں و کاروباری مراکز بند ہیں۔
چمن میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والےجے یو آئی ف کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سیاسی وسماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مولانامحمد حنیف کی نمازجنازہ ان کے آبائی گاؤں ملت آباد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ مولانا محمد حنیف کے بیٹے حافظ محمد قاسم نے پڑھائی، جےیوآئی ف کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسیع ،سینیٹر عثمان کاکڑ، کمانڈنٹ ایف سی کرنل خرم جاوید، ڈی سی بشیراحمد ، ڈی پی او شوکت مہمند، سابق صوبائی وزیر رحیم زیارتوال،اصغرخان اچکزئی ، کامران مرتضی کی قیادت میں وکلاء رہنماؤں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
مولانا محمد حنیف گزشتہ روزچمن کےتاج روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے تھے، اس حوالے سے کوئٹہ اور چمن میں بم دھماکے اور مولانا محمد حنیف کی جاں بحق ہونے کے خلاف جے یو آئی کی کال پر شٹر ڈاون ہڑتال کی جارہی ہے جس کے سبب اہم تجارتی مراکز بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے، اتوار کا دن ہونے کے سبب تعلیمی ادارے پہلے ہی بند ہیں جس کے سبب شہر میں مکمل ہڑتال کا سما ہے۔
اس موقع پر بیشتر دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، جبکہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی معمول سے کم ہے،چمن دھماکے کے بعد کوئٹہ میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، مختلف شاہراہوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں، چیکنگ اور گشت جاری ہے۔
گزشتہ روز چمن میں موٹرسائیکل بم دھماکے کے نتیجے میں جے یوآئی ف کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افرادشہید اور 17 افراد زخمی ہوئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








