کراچی میں مخدوش عمارتوں سے شہریوں کے تحفظ کیلئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی متحرک

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں مخدوش عمارتوں سے شہریوں کے تحفظ کیلئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی متحرک
کراچی میں مخدوش عمارتوں سے شہریوں کے تحفظ کیلئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی متحرک

کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کراچی میں مخدوش عمارتوں سے شہریوں کے تحفظ کیلئے متحرک ہوگئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق  ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے نے  شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ ناظم آباد میں رہائشی مخدوش عمارت جان پلازہ خالی کرنے کے 3 روزہ نوٹس کی میعاد ختم ہوگئی۔ عمارت مکمل خالی نہ ہو سکی جبکہ بفر زون میں جھکنے والی عمارت کا بلڈر گرفتار ہو گیا۔

بفر زون میں بلڈر لیاقت حسین نے ناقص میٹرئیل سے غیر معیاری عمارت تعمیر کی تھی ایک طرف جھکنے کی شکایات ملنے پر بلڈر کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق بفرزون میں تعمیر ہونے والی غیر قانونی عمارت پر ڈی جی ، ایس بی سی اے نے غیر قانونی عمارت کی تعمیر میں ملوث ایس بی سی اے کے افسران کو ملازمت سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب غیر قانونی عمارت تعمیر کرنے والے بلڈر اور آرکیٹیکٹ انجینئر کے خلاف بھی مقدمے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈی جی (ایس بی سی اے) کے احکامات پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے نارتھ ناظم آباد میں رہائشی عمارت کے مکینوں کو 3 دن کے اندر بلڈنگ خالی کرنے کا نوٹس دے دیا۔ 

مذکورہ نوٹس عمارت کی مخدوش حالت کے باعث جاری کیا گیا تھا۔67 فلیٹوں پر مشتمل بلڈنگ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کی عمارت مکمل طور پر قانونی ہے۔ تاہم ناقص میٹیریل اور غیر میعاری تعمیرات کے باعث عمارت وقت سے پہلے مخدوش ہوگئی۔ 3 روز گزرنے کے باوجود عمارت خالی نہیں کی جاسکی۔

سینکڑوں رہائشیوں کے لیے کوئی متبادل رہائش کا انتظام بھی نہ کیا جاسکا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کی تعمیر کے معیاری ہونے کا سرٹیفکیٹ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی  جاری کرتی ہے اس لیے عارضی رہائش کا انتظام بھی ایس بی سی اے اور حکومت سندھ کریں اور اس کا ہرجانہ حکومت ادا کرے۔ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جھکی ہوئی عمارت پر ایس بی سی اے کا مضحکہ خیز نوٹس جاری

Related Posts