کراچی :ایک اور مذہبی شخصیت پر قاتلانہ حملہ ، مفتی سمیع الحق حملے میں شدید زخمی ہوگئے، اسپتال منتقل ،پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
جامع مسجد سبحان اللہ لانڈھی صنعتی علاقہ الکرم گلی کے امام و جمعیت علماء اسلام ف یوسی ون کے جنرل سیکریٹری مفتی سميع الحق مسجد کے گیٹ پر چھریوں کے وار سے شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ رات کو جیسے ہی مسجد سے باہر آئے نا معلوم ملزم نے ان پر چھریوں سے حملہ کردیا۔ ان کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کی اطلاع پر مذہبی حلقوں میں اشتعال پھیل گیا ۔
جمعیت علما اسلام کے رہنماؤں سمیت اہل محلہ اور مذہبی حلقوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر حملہ آور کو گرفتار کرے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کی شب ایک بڑے عالم دین مولانا ڈاکٹر عادل فاروقی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے اور کل اتوار کو ان کی نماز جنازہ کے موقع پر لوگوں میں پہلے ہی اشتعال تھا کہ ایک اور عالم دین قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئے ۔
دوسری جانب قائد آباد میں مسجد کے امام کے زخمی ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم زریاب نے ذاتی رنجش کی بناء پر مسجد کے امام پر حملہ کیا۔
پولیس نے زخمی امام مسجد سمیع الحق کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا۔