سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پیر کے روز سرینگر میں دوکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے دو نوجوانوں کو شہر کے علاقے رام باغ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔
دوسری جانب پیر کے دن ضلع کپواڑہ کے گاؤں ویل گام میں شاسترا سیما بل سے تعلق والے ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کرخودکشی کرلی۔واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے خودکشی کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
جنوری 2007سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 477ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روزبھی مقبوضہ علاقے میں تعینات ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی تھی۔