کولمبو: سری لنکا میں امریکی شہریوں کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے ماسک بنانے والی کمپنی میں کام کرنے والے 1 ہزار مزدور خود کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی برانڈکس کمپنی رواں برس 2 ماہ قبل تک کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مفید ماسک بنانے میں مصروف رہی تاہم خود کمپنی پر کورونا وائرس نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 1 ہزار سے زائد ملازمین کورونا کا شکار ہوئے۔
مذکورہ کمپنی کے کل مزدور 1 ہزار 700 کے لگ بھگ ہیں تاہم 1 ہزار 20 ملازمین کے کورونا کا شکار ہونے کے باعث کمپنی میں ہنگامی حالت نافذ ہے جبکہ بظاہر کورونا مریضوں میں وائرس کی کوئی علامات نظر نہیں آتیں۔
سری لنکا میں کسی ایک مقام پر کورونا کا شکار ہونے والے افراد کی یہ ریکارڈ تعداد ہے، پورے ملک میں کورونا کے شکار افراد کی تعداد 4 ہزار 844 ہےجن میں سے 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
جنوبی ایشیاء کا یہ اہم ملک کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں 132 ویں نمبر پر موجود ہے جہاں 3 ہزار 317 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ فعال کیسز کی تعداد 1 ہزار 514 ہے۔
برانڈکس کمپنی میں کام کرنے والے مزدوروں کے ساتھ رابطے میں آنے والے افراد، اہلِ خانہ اور رشتہ داروں کے کورونا وائرس ٹیسٹ جاری ہیں۔ سری لنکا میں عوامی اجتماعات اور تقریبات پر کورونا کی روک تھام کیلئے پابندی عائد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا سے 3 کروڑ 80 لاکھ افراد متاثر، 10 لاکھ 85 ہزار ہلاک
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








